احمد آباد:29/جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)شک کی بنیاد پر بھیڑ کا لوگوں کے ساتھ ظلم تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ ایک بار پھر دو نوجوانوں کے ساتھ مار پیٹ ہوئی جس میں ایک کی موت ہو گئی۔ گجرات کے داہود میں موبائل چوری کے الزام میں ہجوم نے دو نوجوانوں کو خوب مارا۔ جس میں سے ایک کی موت ہو گئی ہے جبکہ دوسرا نوجوان انتہائی سنگین حالت میں ہسپتال میں داخل ہے۔ واضح ہو کہ پولیس نے اس پورے معاملے میں تحقیقات شروع کر دی ہے۔ غور طلب ہے کہ گجرات کے راج کوٹ اور احمد آباد میں اس سے پہلے بھیڑ نے بچہ چوری کے الزام میں مارپیٹ کی تھی۔ راج کوٹ میں ایک مندر کے پجاری نے ایک شخص کو دیکھ کر بچہ چور کا شور مچایا تھا، جس کے بعد بھیڑ فوری طور پر جمع ہوگئی پھر لوگوں نے بغیر سوچے سمجھے نوجوان کا پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا۔ وہیں احمد آباد میں بچہ چوری کے الزام میں بھیڑ نے ایک خاتون کو قتل کردیا تھا ۔